کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فائرنگ، 5فلسطینی شہید، شدید سردی سے ٹھٹھر کربچہ جاں بحق ہوگیا۔ بورڈ آف پیس کے اعلان کے دوران بھی شہادتیں اور تشدد جاری ، جینن، نابلس اور ہیبرون کے قریب متعدد فلسطینی گرفتارکرلیے گئے، اسرائیلی آبادکارخالی شدہ بستی تارصالا میں داخل، فوجی حفاظت میں قبضہ ، 18مزید غیر قانونی بستیوں کیلئے ہتھیار لائسنس منظور کرلیے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ ایک بچہ شدید سردی کی وجہ سے جاں بحق ہوا ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے "بورڈ آف پیس" شروع کیا، جس کا مقصد بین الاقوامی تنازعات کو حل کرنا ہے اور اس کے مستقل رکنیت کی فیس ایک ارب ڈالر رکھی گئی ہے۔ بورڈ اصل میں غزہ کی تعمیر نو کے لیے بنایا گیا تھا ۔ عالمی توجہ بورڈ آف پیس کے قیام پر مرکوز تھی، لیکن اس دوران غزہ میں جاری تشدد اور شہادتیں جاری رہیں۔