کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن و ضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ نے کوئٹہ کے پرنس روڈ پر واقع پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ نہایت دلخراش ہے جس میں پورا پلازہ جل کر خاکستر ہوگیا جس کے نتیجے میں تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے نقصانات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے انہوں نے آگ بجھانے کے عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ اسٹیشن سے مذکورہ پلازہ کا فاصلہ بہت کم ہے اور صبح سویرے سڑکوں پر ٹریفک بھی کم ہوتی ہے اس کے باوجود بروقت کاروائی اور آگ بجھائی نہیں گئی جس کی بنیادی وجہ متعلقہ عملے کے پاس جدید آلات کی کمی بھی ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے تاجروں کے ساتھ مختلف ادارے ناروا سلوک کرکے ان کے گوداموں پر چھاپے مار رہے ہیں جس سے تاجر برادری میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہورہا ہے حالانکہ کوئٹہ کے گوداموں میں جتنا بھی مال رکھا جاتا ہے وہ باقاعدہ کسٹم سے کلیئر ہوکر شہر میں لایا جاتا ہے اس کے باوجود تاجروں کو تنگ کیا جاتا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے بی این پی کسی صورت تاجر برادری کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔