کراچی (نیوز ڈیسک ) تاریخ رقم، مسک کی دولت 2991 کھرب 68 ارب روپے ہوگئی، ٹیسلا کے شیئرز میں تیزی سے اضافے اور روبوٹیکسی منصوبے کے وسیع پیمانے پر آغاز کے اعلان نے ایلون مسک کی دولت کو نئی بلندی پر پہنچا دیا ہے، جس کے بعد وہ نہ صرف دنیا کے امیر ترین شخص کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر چکے ہیں بلکہ پہلی بار 800 ارب ڈالر کے سنگِ میل کے بالکل قریب آ گئے ہیں۔فوربز کے مطابق ایلون مسک کی مجموعی دولت 2991 کھرب 68ارب روپے( 788.1 ارب ڈالر) تک پہنچ گئی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ یہ اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب مسک نے ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران اعلان کیا کہ ٹیسلا کی روبوٹیکسی سروس رواں سال کے اختتام تک امریکا بھر میں وسیع پیمانے پر دستیاب ہو جائے گی۔ حالیہ مہینوں میں ان کی دولت میں غیر معمولی رفتار سے اضافہ ہوا ہے، جس کی بڑی وجوہات میں اسپیس ایکس کی 800 ارب ڈالر کی ویلیوایشن، ٹیسلا کے اسٹاک آپشنز سے متعلق عدالتی فیصلے، اور xAI میں بھاری سرمایہ کاری شامل ہیں۔فوربز کے مطابق اگر ٹیسلا آنے والے عرصے میں اپنے طے شدہ مالی اور پیداواری اہداف حاصل کر لیتی ہے تو ایلون مسک دنیا کے پہلے ٹریلینئربن سکتے ہیں۔