کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر) سپراسٹار دانش تیمور نےکہا ہے کہ بیگم میری کامیابی پر بے انتہا خوش ہوتی ہیں،جیو سے میری نئی ڈراما سیریل ’’ہمراہی‘‘کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کریگی ، ناظرین مجھے زندگی کے یادگار کردار میں دیکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جنگ سےگفتگو کرتے ہوئے فلم اور ٹی وی ڈراموں کے سپراسٹار دانش تیمور کا کہنا ہے کہ عصرِ حاضر میں پاکستان ٹیلی ویژن ڈراما شہرت اور مقبولیت کے آسمان کو چُھورہا ہے،میری نئی ڈراما سیریل ہمراہی، لندن، ترکیہ اور اسلام آباد کی دل کش لوکیشن پر فلمائی گئی ہے۔ٹی وی اسکرین پر رومانس کے ساتھ ایکشن بھی دکھائی دے گا۔ ناظرین مجھے زندگی کے یادگار کردار میں دیکھیں گے۔میری بیگم عائزہ خان میری کامیابی پر بے انتہا خوش ہوتی ہیں دانش تیمور نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں نے ڈراموں کے ساتھ دوچار فلموں میں بھی کام کیا۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں بابر جاوید کو کافی عرصے سے کہہ رہا تھا کہ ایک ڈراما ہمیں ایک ساتھ کرنا ہے۔ اب کئی برس بعد ہم لوگ ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔ رومانس سے بھرپور شاہکار ڈراما سیریل ’’ہمراہی‘‘ کے ڈائریکٹرمعروف ہدایتکار بابر جاوید، جبکہ اسے تحریر زنجبیل عاصم نے کیا ہے، زنجبیل عاصم نے محبت، شدت اور احساسات کی دنیا کو نہایت عمدگی سے لفظوں کا روپ دیا ہے۔ جیو اور بابر جاوید کی مشترکہ پیشکش ”ہمراہی“ ایک رومانس بھری کہانی ہے۔یاد رہے کہ اداکارہ حِبا بخاری اور دانش تیمور کی مقبول آن اسکرین جوڑی نے ’’جان نثار‘‘ اور ’’دیوانگی‘‘جیسے بلاک بسٹر ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ ان کی جوڑی کو ’’دیوانگی‘‘ (2019) میں پہلی بار سراہا گیا، جبکہ 2024 میں نشر ہونے والا ڈراما’’جان نثار‘‘ یوٹیوب پر اربوں ویوز کے ساتھ ریکارڈ قائم کر چکا ہے، جس میں دانش’’نوشیرواں‘‘ اور حبا ’’دُعا‘‘ کے روپ میں نظر آئے۔ حِبا بخاری اور دانش تیمور کی شاندار اداکاری اور بہترین کیمسٹری نے انہیں پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی پسندیدہ ترین جوڑیوں میں شامل کر دیا ہے۔