کراچی ( اسٹاف رپورٹر )منوڑہ کے قریب ماہی گیروں کی کشتی جہاز سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی جس کے نتیجے میں 11افراد سمندر میں ڈوب گئے، 7 کو بچا لیا گیا جبکہ4افراد کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانے کی حدود کراچی پورٹ چینل میں شکار پر جانے والی ماہی گیروں کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثہ الشہباز نامی کشتی کا تجارتی جہاز ایم وی کانگ ہوان نامی مرچنٹ ویسل سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔حادثہ گزشتہ شب تقریباً 2بجے کے قریب پیش آیا۔پولیس کے مطابق تصادم کے بعد کشتی الٹ گئی اور ماہی گیر سمندر میں کود گئے۔قریبی کشتیوں نے 7 ماہی گیروں کو ریسکیو کر لیا جبکہ حادثے میں 4 ماہی گیر تاحال لاپتہ ہیں۔لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے HPO، PMSA اور کے پی ٹی کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ریسکیو کیے گئے ماہی گیروں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔