کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ منصوبوں میں تاخیر سے بچنے کیلئے فیلڈ لیول پر مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی میں جاری مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں بالخصوص ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔