کراچی (رفیق مانگٹ) ایران سے کشیدگی کے پیش نظر،مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کی بڑی فوجی پیش قدمی، امریکی بحری بیڑہ بحرِ ہند پہنچ گیا،امریکی اخبار کے مطابق امریکا نے بحری و فضائی طاقت خطے میں متحرک کردی ہے،5,700 اضافی اہلکار شامل، جنگی طیارے بھی موجود ہیں، العدید ایئر بیس مرکزِ نگاہ،خطے میں گزشتہ برس جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی کو نمایاں طور پر مضبوط کرتے ہوئے طیارہ بردار بحری جہاز، جنگی جہازوں، فضائی اثاثوں اور ہزاروں اضافی فوجیوں کی تعیناتی شروع کر دی ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے پس منظر میں ممکنہ فوجی کارروائی کے اشارے دے رہے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔