کراچی (بابر علی اعوان) کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث بچوں میں مختلف موسمی بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ماہرینِ امراض اطفال کے مطابق کم درجۂ حرارت کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی، نمونیا، گلے کا انفیکشن، دمہ اور سانس کی دیگر بیماریاں تیزی سے پھیل سکتی ہیں خصوصاً نوزائیدہ اور کم عمر بچے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ سردی میں قوتِ مدافعت کمزور ہونے کے باعث بچوں میں بخار، کان کا انفیکشن اور سینے کی جکڑن جیسے مسائل بھی سامنے آ رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں، سر، کان اور سینہ ڈھانپ کر رکھیں، ٹھنڈی ہوا اور صبح و رات کے وقت باہر لے جانے سے گریز کریں۔ نیم گرم پانی کا استعمال، غذائیت سے بھرپور خوراک، دودھ اور سوپ کا استعمال اس موسم میں مفید ہے جبکہ بچوں کو بخار، سانس میں دقت یا مسلسل کھانسی کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ طبی ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ بچوں کو خود سے ادویات دینے کے بجائے مستند طبی مشورہ لیا جائے تاکہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔