لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کا دوگھنٹے طویل تفصیلی دورہ کیا، جس کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے علاوہ، صفائی، سکیورٹی اور انتظامی نظم و ضبط کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر پرنسپل نے واضح کیا کہ محض کاغذات کی حد تک ʼʼسب اچھاʼʼ کی رپورٹس دینا اب قابل قبول نہیں ہوگا، کیونکہ ایل جی ایچ میں غفلت پر ʼʼزیرو ٹالرنسʼʼ کی پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، انتظامی ڈاکٹرز، نرسنگ انتظامیہ و دیگر ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔پروفیسر فاروق افضل نے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آفس میں طویل عرصے سے تعینات نرسنگ سٹاف اور کلریکل عملے کو فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے اور وہاں فیمیل کلرک کی تعیناتی کی ہدایت کی۔