لاہور(خبرنگار)شاہی قلعہ لاہور میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیرِ اہتمام تاریخی ورثے کے اہم منصوبوں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے لوہ مندر، سکھ عہد کے حمام اور اتھ دارہ پویلین کی بحالی و تحفظ کے منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سکھ عہد کے حمام اور اتھ دارہ پویلین میں ربن کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ بعد ازاں معزز مہمانوں نے بحال شدہ تاریخی مقامات کا دورہ بھی کیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہمیشہ مختلف مذاہب اور تہذیبوں کا مشترکہ تمدنی مرکز رہا ہے اور لوہ مندر، سکھ عہد کا حمام اور اتھ دارہ پویلین پنجاب کی کثیرالثقافتی شناخت کی روشن علامتیں ہیں۔