اسلام آباد (عاطف شیرازی )راولپنڈی میں کمسن بچی کے دلخراش قتل کے واقعے پر وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے سی پی او راولپنڈی سے فوری رابطہ کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری اور شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچی کے قتل کا مقدمہ وہ ذاتی طور پر فالو کریں گے اور انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی میں مقتولہ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، اظہارِ تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 14 سالہ بچی کا قتل ایک سنگین انسانی اور سماجی جرم ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ سی پی او راولپنڈی نے انہیں پیش رفت سے آگاہ کیا ہے اور ملزم قانون کی گرفت میں آنے کے قریب ہے۔