• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو اتحاد، استحکام اور باہمی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، ڈاکٹر جمال ناصر

راولپنڈی(جنگ نیوز ) دنیا بھر میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں پاکستان کو اس وقت اتحاد، استحکام اور باہمی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر صحت و بہبودِ آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر نقیب الرحمن سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پاکستان اس وقت جن داخلی و خارجی سازشوں کا سامنا کر رہا ہے ان کا مقابلہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب پوری قوم یکجا ہو کر ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتیں مختلف حربوں سے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،مگر پاکستانی قوم میں وہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ہر سازش کو ناکام بنا سکے۔اس موقع پر ملک کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ دعا میں اللہ تعالیٰ سے التجا کی گئی کہ وہ پاکستان کو ہر طرح کی اندرونی و بیرونی دشمنی سے محفوظ رکھے، ملک کو مضبوط بنائے اور ان قوتوں کو نیست و نابود کرے جو پاکستان کے خلاف سرگرمِ عمل ہیں۔مزید برآں، حالیہ موسمی شدت اور قدرتی آفات کے تناظر میں بھی گفتگو کی گئی۔ دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ موسم کی شدت میں کمی فرمائے اور ان تمام افراد کی مدد کرے جو برفانی تودوں اور شدید برفانی ہواؤں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد سے مزید