پشاور(سٹاف رپورٹر) پشاور کی تاریخی تعلیمی درسگاہ اسلامیہ کالج پشاور سمیت اس کے تمام قدیمی ہاسٹلوں اور ملحقہ عمارات کی تزئین و آرائش، تاریخی حیثیت کی بحالی اور جدید سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد قومی ورثے کا تحفظ اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے، اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ، پشاور اپ لفٹ پروگرام کے انجینئرز، ڈائریکٹر پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ تاریخی اسلامیہ کالج کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران کالج کے وائس چانسلر نے ادارے کی تاریخی اہمیت اور قدیمی عمارات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، کمشنر پشاور ڈویژن نے تزئین و آرائش اور بحالی کے کام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور اپ لفٹ پروگرام انجینئر عدیل احمد کو منصوبے پر یومیہ پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے، اس موقع پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ محکمہ مال کے تاریخی محافظ خانے، تاریخی ایگری کلچر انسٹیٹیوٹ اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نمبر ون پشاور کی کامیاب بحالی کے بعد اب تاریخی اسلامیہ کالج کی اصل تاریخی حیثیت کو بھی بحال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشاور کے تمام تاریخی مقامات اور قومی ورثے کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات کے مطابق مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور قدیمی طرز پر ان کی تزئین و آرائش کرکے اس کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جائے گا۔