لاہور(خبر نگار) الخدمت فاؤنڈیشن نے جاپان حکومت کے تعاون سے سات مزید واٹر فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن سید احسان اللہ وقاص نے حکومت اور عوامِ جاپان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے تعاون سے مکمل ہونے والے یہ منصوبے نہ صرف عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کر رہے ہیں بلکہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔