لاہور (نیوزرپورٹر) وائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) میاں مرغوب احمد نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کا دورہ کیا، جہاں ان کی سابق وزیر بلدیات و صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں شہری منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور آرکیٹیکچر کے شعبوں میں سٹریٹجک تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر یو ایم ٹی اور ایل ڈی اے کے درمیان مشترکہ شہری ترقیاتی منصوبوں پر اتفاق کیا گیا، جن کا مقصد جدید، پائیدار اور عوام دوست شہروں کے قیام کے لیے تعلیمی، تحقیقی اور عملی اشتراک کو فروغ دینا ہے۔ صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پائیدار اور جدید شہروں کی تعمیر میں جامعات کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، کیونکہ تحقیق، اختراع اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے بغیر مؤثر شہری ترقی ممکن نہیں۔