اسلام آبا( اسرا ر خان)پاکستان میں چھتوں پر نصب شمسی توانائی کے نظام سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے تحت موجودہ نیٹ میٹرنگ نظام کو مرحلہ وار ختم کر کے نیٹ بلنگ اور گراس میٹرنگ نظام متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس اقدام سے مستقبل میں شمسی توانائی استعمال کرنے والے صارفین کے مالی فوائد میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے مجوزہ پروسومر ریگولیشنز 2025 کے تحت نئے شمسی صارفین کو یہ سہولت حاصل نہیں رہے گی کہ وہ گرڈ کو فراہم کی گئی بجلی کو ایک کے بدلے ایک بنیاد پر استعمال شدہ بجلی کے ساتھ ایڈجسٹ کر سکیں۔ مجوزہ نظام کے مطابق صارفین گرڈ سے حاصل کی گئی بجلی کے لیے مکمل قومی ٹیرف ادا کریں گے، جبکہ اضافی شمسی بجلی نسبتاً کم مقررہ نرخ پر تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو فروخت کی جائے گی۔