ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی امور، شہری سہولیات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ حالیہ حادثے کے تناظر میں گٹر ڈھکنوں بارے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیل، تعمیراتی سرگرمی یا عوامی مقام پر پیش آنے والے حادثے کی ذمہ داری متعلقہ محکمے پر عائد ہو گی، اجلاس میں اربن ایریاز میں مین ہول کورز اور شہری ٹرینچز سے متعلق پروپوزل پر بھی گفتگو کی گئی اور اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ کتے کے کاٹنے کے واقعات کے پیش نظر کتوں کی آبادی کے تعین اور اس سے متعلق جامع حکمت عملی بنانے پر زور دیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ اگر کسی علاقے میں پانچ فٹ یا اس سے زیادہ گہرا گڑھا پایا گیا تو متعلقہ میٹروپولیٹن یا کارپوریشن افسر کو طلب کیا جائے گا۔