• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلبہ یونین پر پابندی نوجوان قیادت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے، لیاقت بلوچ

ملتان (سٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ چار دہائیوں سے طلبہ یونین پر عائد پابندی دراصل نوجوان قیادت کے ابھرنے سے خوف کی علامت ہے۔ حکمران طبقہ نہیں چاہتا کہ تعلیمی اداروں سے باصلاحیت، باکردار اور باخبر قیادت سامنے آئے، اسی لیے جمہوری عمل کو منجمد کر رکھا گیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلامی جمعیت طلبہ ملتان کے زیراہتمام منعقدہ احباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر حسن بلال ہاشمی ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان، نصر اللہ گورایا سابق ناظم اعلی اسلامی میں طلبہ پاکستان، سید ذیشان اختر امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی، صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان، ابوذر غفاری ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب جنوبی ڈاکٹر محمد علی نظامی صدر حلقہ احباب اور حبیب رزاق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ملتان بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک طلبہ میں فکری پختگی، اخلاقی تربیت اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ جمعیت نے ہر دور میں تعلیمی اداروں کو انتشار اور تشدد سے بچاتے ہوئے مثبت، تعمیری اور باکردار طلبہ سیاست کو فروغ دیا ہے۔لیاقت بلوچ نے ملکی اور عالمی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں نام نہاد جمہوریت اور انسانی حقوق کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔ ظلم، ناانصافی اور طاقت کی سیاست کے مقابلے میں اسلام کا عادلانہ نظام ہی انسانیت کو حقیقی امن اور انصاف فراہم کر سکتا ہے۔
ملتان سے مزید