کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستان نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کوٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دیدی ہے تاہم بنگلہ دیش سے اظہاریکجہتی کے طورپر پاکستانی ٹیم15فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی اورمقابلے کا بائیکاٹ کریگی ‘ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے باوجود پاکستان کے دوسرے راونڈ میں کوالی فائی کرنے کے امکانات روشن ہیں‘ اتوار کی شام وزیر اعظم شہباز شریف سے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ملاقات کی جس کے بعدفیصلے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔محتاط اندازے کے مطابق بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے سےبھارتی براڈ کاسٹرز کو تقریبا پانچ سو ملین ڈالرز (141ارب روپے )نقصان ہونے کا خدشہ ہے جبکہ میچ کی گیٹ منی سے آئی سی سی کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہونے کا امکان ہے۔براڈ کاسٹرز کے نقصان کے بعد پی سی بی کو کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے‘حکومتی ذرائع کے مطابق ہندوستان کے خلاف میچ بائیکاٹ کی مرکزی وجہ بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ ہے ‘آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے اپنے جانبدارانہ فیصلوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو انڈین کرکٹ کونسل بنا دیا ہے‘ پاک بھارت کرکٹ میچ کودنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا مقابلہ قرار دیا گیاہے۔آئی سی ای اور کھیل کے حلقوں میں اس فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ آئی سی سی سے متعلق فیصلے کا براہ راست اثر پاکستان کرکٹ اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے موقف پر پڑ سکتا ہے۔جنگ کی تحقیق کے مطابق محتاط اندازے کے مطابق ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ سے ہونے والی آمدنی کا نصف پاک بھارت میچ سے ملتا ہے۔ پاکستان کو ہر سال آئی سی سی سے 35ملین ڈالرز کا شیئر ملتا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے7 فروری سے انڈیا اور سری لنکا میں شروع ہونےو الے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران سکیورٹی خدشات کی بناء پر اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کے اس موقف کی حمایت کی تھی۔تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اس موقف کو تسلیم نہیں کیا اور بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا حصہ بنا دیا۔ آئی سی سی کی بھارت نواز پالیسیوں اور بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کرنے پر پاکستان نے سخت گیر موقف اپنایا ہے ۔پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے ساتھ پیر کو لاہور سے کولمبو کے لئے روانہ ہے ۔ اتوار کو جیسے ہی پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئینٹی سیریز میں تین صفر سے شکست دی حکومت پاکستان نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ حکومت پاکستان نے پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہےتاہم پاکستانی ٹیم15فروری کو کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی ۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی نے جس طرح جانب داری کا مظاہرہ کیا۔پاکستان نےبنگلہ دیش کی حمایت میں آئی سی سی کی جانب دارانہ پالیسیوں کے باعث بھارت کے میچ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔