کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی عدالتوں نے ٹرمپ کی بڑے پیمانے پر ملک بدر کرنیکی پالیسی پر روک لگادی۔ امیگرنٹس کو غیر معینہ مدت تک قید میں رکھنے کی کوشش ناکام، ہزاروں مقدمات سے عدالتیں اوورلوڈ، کئی افراد رہا۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی ایک پالیسی، جس کا مقصد غیر قانونی امیگرنٹس کو غیر معینہ مدت تک حراست میں رکھنا اور بڑے پیمانے پر ملک بدر کرنا تھا، وفاقی عدالتوں میں شدید قانونی چیلنجز کا سبب بنی ہے۔ اس پالیسی کے خلاف دائر کیے گئے ہزاروں مقدمات نے کچھ وفاقی عدالتوں کو شدید دباؤ میں ڈال دیا اور انہیں اوورلوڈ کر دیا، جس کے نتیجے میں کئی امیگرنٹس کو قید سے رہا کر دیا گیا۔ عدالتوں کے فیصلے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ حکومت کی یہ سخت حکمت عملی قانونی اور انسانی حقوق کے دائرے میں مشکلات پیدا کر رہی ہے اور بڑے پیمانے پر ملک بدر کی مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔