کراچی (رفیق مانگٹ )ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی، حالیہ احتجاجی مظاہرے ملک میں بغاوت کے مترادف تھے، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ’ٹرمپ مسلسل کہتے ہیں کہ وہ جہاز لے آئے ہیں۔ ایرانی قوم ان باتوں سے نہیں ڈرے گی اور نہ ہی ایرانی عوام ان دھمکیوں سے مرعوب ہوں گے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم کسی ملک پر حملے میں پہل نہیں کرتے اور نہ ہی ایسا چاہتے ہیں، لیکن اگر کوئی ایرانی قوم پر حملہ کرے یا اسے ہراساں کرے گا تو ایرانی قوم اسے سخت جواب دے گی‘۔ آیت اللہ خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے اور امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے بارے میں مسلسل دھمکی آمیز بیانات دیے جارہے ہیں۔