• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ایس اے، 54 ویں CTP افسران کے والدین سے باضابطہ رابطے کا آغاز

لاہور(آصف محمود بٹ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) نے 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے پروبیشنری افسران کے والدین اور سرپرستوں سے باضابطہ رابطے کے ایک منظم اقدام کا آغاز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کراچی میں شروع کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سول سروس کی تربیت کے ایک نہایت اہم مرحلے پر والدین کو باقاعدہ طور پر شامل کرتے ہوئے ادارہ جاتی شفافیت، مشترکہ ذمہ داری اور افسران کی ہمہ جہت پیشہ ورانہ و اخلاقی نشوونما کو فروغ دینا ہے۔ اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں بھی اس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ملک بھر میں والدین تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔یہ اقدام 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے دوران کیے گئے والدین سے رابطے کے کامیاب تجربے کا تسلسل ہے جسے والدین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور جس کے نتیجے میں تربیت کے تقاضوں سے بہتر آگاہی، پروبیشنری افسران کی ذہنی و جذباتی تیاری میں بہتری اور تربیتی مدت کے دوران خاندانی تعاون میں تسلسل دیکھنے میں آیا۔ انہی مثبت نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ایس اے نے والدین کی شمولیت کو اپنے تربیتی فریم ورک کا مستقل حصہ بنا دیا ہے۔یہ والدین رابطہ مہم تربیتی ایک اسٹریٹجک مرحلے پر شروع کی گئی ہے۔ 54ویں سی ٹی پی کے لیے آن لائن پری سی ٹی پی کا آغاز ہو چکا ہے جس کا مقصد تعلیمی سمت بندی اور ادارہ جاتی آگاہی فراہم کرنا ہے جبکہ باقاعدہ نو ماہ پر مشتمل مکمل رہائشی کامن ٹریننگ پروگرام مارچ 2026 کے اختتام پر شروع ہوگا۔ رسمی کیمپس تربیت سے قبل والدین سے رابطے کا مقصد ادارے کی توقعات کو خاندانی آگاہی اور تعاون سے ہم آہنگ کرنا ہے۔یہ پروبیشنری افسران وفاقی پبلک سروس کمیشن کے انتہائی مسابقتی امتحانی عمل کے ذریعے منتخب ہوئے ہیں اور ان کا تعلق ملک کے ممتاز سروس گروپس سے ہے، جن میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، فارن سروس آف پاکستان، پاکستان کسٹمز سروس، ان لینڈ ریونیو سروس، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، پاکستان ریلوے (کمرشل اینڈ ٹرانسپورٹیشن) گروپ، انفارمیشن گروپ، پوسٹل گروپ، کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ، ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ شامل ہیں۔ یہ افسران مستقبل میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں گورننس، عوامی خدمات، مالی نظم و نسق، سفارت کاری، ضابطہ کاری اور قانون نافذ کرنے جیسے اہم شعبوں میں خدمات انجام دیں گے۔والدین سے ہونے والی ان نشستوں میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ اور ڈائریکٹر (سی ٹی پی) ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی کامن ٹریننگ پروگرام کے فلسفے، ساخت اور تقاضوں سے آگاہ کر رہے ہیں۔ قیادت اس امر پر زور دے رہی ہے کہ پروبیشنری افسران اب محض ذاتی کیریئر کا تعاقب نہیں کر رہے بلکہ بطور ریاست کے بیٹے اور بیٹیاں ایک قومی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں، جن پر عوام کی خدمت اور ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید