• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل پر حکومتی عدم دلچسپی کیخلاف 8 فروری کو جے یوآئی کا احتجاج کا اعلان

پشاور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام خیبرپختونخوا نے ملک میں بدامنی، کرپشن ، غیر اسلامی قوانین کی منظوری اور صوبہ کے اہم مسائل پر صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کیخلاف 8 فروری کو یوم احتجاج کا اعلان کردیا ہے ، اس بات کا فیصلہ مفتی محمود مرکز پشاور میں جمعیت علمائے اسلام صوبہ خیبر پختون خوا کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاءالرحمن نے کی، اجلاس میں سینیٹر مولانا عطاءالحق درویش ،مفتی عبید اللہ، مفتی فضل غفور ،مفتی ناصر محمود ،مولانا عبدالحسیب اور عبدالجلیل جان سمیت صوبائی قائدین نے شرکت کی ۔ صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے کہا ہے کہ اجلاس میں صوبہ میں بدامنی، کرپشن ،پارلیمنٹ سے غیر اسلامی قوانین کی منظوری، صوبہ کے اہم ایشوز پر حکومت کی عدم دلچسپی اور مدارس کے حوالے سے حکومتی عزائم کیخلاف 8 فروری کو پشاور میں احتجاج ہوگا ، انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 12 اپریل مردان کانفرنس کے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی ،اجلاس کے فیصلوں کے مطابق 7 فروری صبح 10 بجے صوبائی مجلس شوری ،اضلاع کے امراء نظما، پارلیمانی پارٹی، تحصیل ناظمین اور مختلف شعبہ جات کے صوبائی کنوئینرز کا اجلاس مفتی محمود مرکز میں ہوگا،صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں تیراہ اور کرم کے متاثرین کے لئے 4 ارب روپے کی منظوری کے باوجود نقل مکانی سے لاعلمی اور حکومت کی لاپرواہی پر افسوس کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں جمعیت علماءاسلام کی جاری تحریک کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ 12اپریل بروز اتوار مردان میں تاریخ ساز کانفرنس منعقد ہوگی ،قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن اس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ۔اجلاس میں متوقع بلدیاتی انتخابات اور الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیوں کا جائزہ لینے کے لئے مفتی عبیداللہ اور مئیر پشاور حاجی زبیر علی پر مشتمل دورکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی ۔
پشاور سے مزید