پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں بیسک میڈیکل سائنسز (بی ایم ایس) ریسرچ کنسورشیم کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈین بیسک میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی نے کی۔ یہ اجلاس جامعہ میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سائنسی تعاون کو مؤثر بنانے کے لئے بلایا گیا تھا۔ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف بیسک میڈیکل سائنسز (آئی بی ایم ایس)، انسٹی ٹیوٹ آف پیتھالوجی اینڈ ڈائیگناسٹک میڈیسن (آئی پی ڈی ایم) اور انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز (آئی پی ایس) کے ڈائریکٹرز اور فیکلٹی اراکین نے شرکت کی جبکہ اوریک کے نمائندے نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور انتظامی معاونت کے امور پر روشنی ڈالی۔ اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ بیسک میڈیکل سائنسز میں مؤثر، مربوط اور اعلیٰ معیار کی تحقیق کے فروغ کے لئے ایک باقاعدہ ریسرچ کنسورشیم کا قیام ناگزیر ہے۔ اس اقدام کا مقصد منظم تحقیقی گروپس کی تشکیل، بین الشعبہ جاتی تعاون کے فروغ اور قومی وبین الاقوامی سطح پر جامعہ کی تحقیقی حیثیت کو مستحکم کرنا ہے۔ شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مخصوص تحقیقی کلسٹرز کی تشکیل سے علمی مہارت کو جدید سائنسی ترجیحات اور تحقیقی فنڈنگ کے مواقع سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔