پشاور (کرائمرپورٹر)پشاور میں شادی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا، ہوائی فائرنگ نے متھرا میں ایک اور نوجوان کی جان لے لی جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔واقعہ چل غازی باباکے علاقے میں پیش آیا ہے ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب تیری پایان پیر بالا سے ایک بارات چل غازی بابا آئی جہاں شادی کی خوشی میں اچانک فائرنگ شروع ہو گئی۔ فائرنگ کی زد میں آکر حمزہ ولد محمد سکنہ تیری پایان پیر بالاگولی لگنے سے موقع پر جاں بحق جبکہ مقتول کا ساتھی علی ولد گوہر سکنہ تیری پیان شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا جبکہ جاں بحق نوجوان کی نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کےلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ پولیس کاکہناہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزموں کوجلد گرفتار کیا جائےگا۔ واضح رہے کہ ہوائی فائرنگ کے خلاف آگاہی مہمات وکارروائیوں کے باوجود یہ سلسلہ روک نہ سکا اور آئے روز شہری اندھی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں ۔قانونی ماہرین نے ہوائی فائرنگ جیسی لعنت کی روک تھام کیلئے اس کو ناقابل ضمانت جرم قراردینے، ایسے افراد کااسلحہ لائسنس ہمیشہ کیلئے منسوخ کرنے اوردیگر سزائیں دینے پر زوردیاہے۔