• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہستان سکینڈل، 8 بے نامی داروں کے اثاثے سرنڈر کرنے کی درخواستیں منظور

پشاور (نیوز رپورٹر)پشاور کی خصوصی اختساب عدالت کے انتظامی جج ظفر خان نے اپر کوہستان سکینڈل کے آٹھ بے نامی داروں کی جانب سے نیب کو اثاثے سرنڈر کرنے سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔عدالت نے 8 بے نامی داروں کے اثاثے سرنڈر کرنے کی درخواستیں منظور کرلی۔ فیصلے کے مطابق بے نامی داروں کی جانب سے سرنڈر کیے گئے اثاثے نیب خیبر پختونخوا اپنی تحویل میں لیں ، مرکزی ملزم قیصر اقبال نے بے نامی داروں کے نام پر اثاثے بنائے ہیں ان میں اعجاز احمد ، فصیح الرحمان ، شعیب الرحمان ، ہاشم خان ، حضر اقبال ، سید علی خان اور دو خواتین شامل ہیں ، تمام بے نامی دار مرکزی ملزم کے قریبی رشتہ دار ہیں ، بے نامی داروں کے نام پر قیمتی گاڑیاں ، پلاٹس اور رہائشی گھر سمیت دیگر اثاثے بنائے گئے ، بے نامی داروں نے اثاثے سرنڈر کرنے کے لیے درخواستیں دی ،بے نامی داروں نے عدالت میں اپنے بیانات ریکارڈ کیے ، درخواستوں گزاروں سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی مرضی سے بیانات ریکارڈ کر رہے یا ان پر دباؤ ہے ، درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے اپنی مرضی سے بیانات ریکارڈ کروا رہے ہیں ۔ انہیں اپنے اثاثے سرنڈر کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔انہوں نے بیانات کے ساتھ عدالت میں حلفیہ بیانات بھی جمع کیے ۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ نیب خیبر پختونخوا درخواست گزاروں کی اثاثے تحویل میں لیں۔
پشاور سے مزید