• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک پاک چین دوستی کا فلیگ شپ منصوبہ، پاکستان کی معیشت کو نئی سمت دی، مزمل اسلم

پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا کی ان چند مثالوں میں سے ہے جو وقت، حالات اور عالمی تبدیلیوں کے باوجود مسلسل مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلق محض سفارتی یا معاشی نوعیت کا نہیں بلکہ اعتماد، احترام، بھائی چارے اور باہمی تعاون پر مبنی ایک زندہ رشتہ ہے، جس نے ہر دور میں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب تر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ اور جشن بہاراں کی شاندار تقریب سے خطاب میں کیا۔ سابق گورنرز حاجی غلام علی اور اقبال ظفر جھگڑا ، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان داؤد خان، وائس چانسلر یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک ،بشپ ارنسٹ جیکب، تاجر برادری، صحافیوں ، طلباء ع طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ مزمل اسلم نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ پاکستان نے 1951 میں عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کر کے جس دور اندیشی اور اصول پسندی کا مظاہرہ کیا، وہ آج 75 برس بعد ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر چائنہ ونڈو کے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔مزمل اسلم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاک چین دوستی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس نے پاکستان کی معیشت کو نئی سمت دی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں نے بجلی کے بحران میں نمایاں کمی کی، موٹرویز اور شاہراہوں نے ملک کو شمال سے جنوب تک مربوط کیا، جبکہ گوادر بندرگاہ نے پاکستان کو علاقائی اور عالمی تجارت کے نقشے پر ایک اہم مقام دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کو ایک برابر کے شراکت دار کے طور پر دیکھا اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں چین کے لیے بے پناہ محبت اور احترام پایا جاتا ہیانہوں نے تقریب کے انعقاد پر چائنہ ونڈو کے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سابق گورنر خیبر پختون خواحاجی غلام علی نے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔انہوں نے پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ اور جشن بہاراں کے موقع پر چین کے عوام کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے چائنہ ونڈو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاک چین دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ پاک چین دوستی کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ کچھ لو اور کچھ دو کی بجائے اعتماد اور باہمی عزت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاک چین دوستی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے بھی چائنہ ونڈو کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کا مضبوط ذریعہ قرار دیا۔کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان داؤد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی، ثقافتی اور میڈیا روابط کے ذریعے اس رشتے کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو جیسے ادارے عوامی سطح پر پاک چین دوستی کو فروغ دے رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا اور شرکاء میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔قبل ازیں چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاک چین دوستی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب کے انعقاد کا مقصد اپنے چینی بہنوں بھائیوں کو پشاور اور خیبر پختون خوا سے امن، پیار اور محبت کا پیغام دینا تھا۔
پشاور سے مزید