• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیات آباد، رہزنوں نے مریض سے ڈیڑھ لاکھ چھین کرتشدد سے لہولہان کردیا

پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے حیات آباد میں شہریوں سے گن پوائنٹ پر موبائل فونز اور نقدی چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ،مقامی افرادکاتشویش کااظہار ۔نامعلوم رہزنوں نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں علاج کیلئے آنے والے مردان کے رہائشیوں سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون چھین کرایک نوجوان پر تشددبھی کرڈالا اور فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران حیات آباد اور تاتارا میں ر ہزنی کی متعدد وارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں اور خدشہ ہے کہ ان علاقوں میں رہزن گینگ سرگرم ہے۔گینگ کو پکڑنا پولیس کیلئے بھی چیلنج بن چکا ہے۔ گزشتہ صبح کامران علی ولد مختیار علی سکنہ مردان اور اس کا ساتھی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس جارہے تھے ہسپتال فیز4کے قریب موٹرسائیکل 125پر نامعلوم مسلح افراد نے آکر ان سے ڈیڑھ لاکھ روپے وموبائل فون چھین لیا جبکہ مزاحمت پر ایک نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناکرلہولہان کردیا جسکی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔واقعہ کی اطلاع پر ایس پی کینٹ عبداللہ احسان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کرکے ملزموں کی گرفتاری کیلئے تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی ۔ مقامی افراد نے حیات آباد اور تاتارا کی حدود میں راہزنی کی بڑھتی وارداتوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔
پشاور سے مزید