کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت و آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے ، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نہ صرف پاکستان کے نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہیں بلکہ وہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نکالنے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کی آواز اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری واحد قومی رہنما ہیں جو نوجوان نسل کی سوچ ، مسائل اور امنگوں کو صحیح معنوں میں سمجھتے ہیں ان کی قیادت میں پارٹی ایک بار پھر عوامی طاقت کے ساتھ ابھر رہی ہے اور ملک کو ترقی و خوشحالی اور سیاسی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔