کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام چوہدری نعیم کریم نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنانے پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ، عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ ریاست مخالف عناصر اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے صوبے کے امن و امان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تاہم انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گاپولیس اور سیکورٹی فورسز نے غیر معمولی جرات، اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بے مثال قربانی کے جذبے کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔