کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما سابق صوبائی وزیر ثوبیہ کرن کبزئی نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہونے والے پولیس و سیکورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ، ملک سے جلد دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے صوبے کے امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جس کی انہیں کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے بے گناہ شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔