راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)سال 2026 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم آج سے ملک بھر میں شروع ہوگی۔ مہم کے دوران پنجاب بھر میں ایک کروڑ 78 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جس میں دو لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں ۔پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان عدیل تصور نے کہا ہے کہ لاہور میں 14 ہزار جبکہ راولپنڈی میں 8 ہزار پولیو ورکرز اس قومی مہم کا حصہ ہوں گے۔ راولپنڈی اور مری سمیت صوبے کے حساس اور ہائی رسک اضلاع میں خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا جبکہ نقل مکانی کرنے والی آبادی پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔