اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) سی ڈی اےاسلام آ باد کے نواحی علاقے نور پور شاہاں میں غیر قانونی اور قانونی تعمیرات کے تعین کیلئے سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے ممبر پلاننگ سی ڈی اےڈاکٹر خالد حفیظ کی سر براہی میں ایک دس رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کے ممبران میں ڈی جی سپیشل پلانگ۔ ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ۔ ڈی جی لینڈ و بحالیات۔ ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے۔ اے ڈی سی جی اسلام آ باد۔ سابق ڈپٹی میئر پیر عادل گیلانی ۔ سی ڈی اے کونسل راجہ منظر علی کیانی ایڈووکیٹ اور مقا می ایم این اے شامل ہیں۔یہ کمیٹی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں قائم کی گئی ہے۔کمیٹی نور پور شاہاں میں تمام تعمیر شدہ گھروں اور عمارتوں کا ایک جامع سروے کرے گی۔ تعین کرے گی کہ وہاں رہنے والے افراد اور خاندانوں کی قانونی حیثیت کیا ہے اور صرف جائز مکینوں کو تسلیم کرے گی ۔ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو خارج کرے گی اور ان کے خلاف کاروائی کی جا ئے گی۔کمیٹی ایک GIS/گوگل ارتھ پر مبنی نقشہ تیار کرے گی جس میں تمام ساختوں کو نمبر دئیے گئے ہوں، تاکہ تصدیق اور نفاذ کے عمل میں مدد ملے۔کمیٹی دستاویزی شواہد جمع کرے گی اور جانچے گی جن میں سی ڈی اکارڈ، بی سی پی ووٹر لسٹ، بجلی کے میٹر ریکارڈز اور دیگر متعلقہ دستاویزات شامل ہیں۔سروے مکمل ہونے کے بعد متعلقہ اتھارٹی کو ایک رسمی رپورٹ جمع کروائےگی جس میں تجاوزات کو ہٹانے اور جائز مکینوں کی شناخت کے لئے سفارشات شامل ہوں۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نورپور شاہاں میں ناجا ئز تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا ۔