ملتان، لودھراں، وہاڑی،مظفر گڑھ ، کوٹ ادو، شجاع آباد،شاہ جمال، عبدالحکیم، دھنوٹ، گیلے وال‘ سنانواں‘ راجہ رام، کہروڑ پکا، میلسی، جہانیاں (سٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ، نامہ نگاران) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں یوم یکجہتیٔ کشمیر پر تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد، شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، کشمیریوں کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی، شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں،مظلوم کشمیریوں کی ہر محاذ پر حمایت جاری رکھیں گے،وہ دن دور نہیں کہ جب مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا، مقررین کا خطاب، تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر شہر اولیا میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام آگہی ریلی اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور سٹی پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر نے کی، جو رضا ہال سے شروع ہوکر چوک کچہری اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں پی ایچ اے، ایم ڈی اے، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل سمیت مختلف سرکاری اداروں، ضلعی افسران، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے، کشمیر کے مظلوم عوام ظلم کی چکی میں پس رہی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کو اظہار رائے کاحق ملناضروری ہے، ان خیالات کا اظہار عطاالرحمن خان ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام دی آرٹ آف ملتان آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم ملتان میں منعقد ہونے والے دوستانہ ی ہاکی میچ کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت کی ہدایت پر واسا افسران وملازمین نے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تقریب میں شرکت کی،اس دوران شرکانے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ، بعد ازاں واسا افسران و ملازمین نے کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رضا ہال سے نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی، ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لیے ایک بھرپور اور منظم ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت چیف ایگزیکٹیو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے کی جبکہ کمپنی کے افسران، عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن، نظریہ پاکستان فورم ملتان اور ادارہ خودی ملتان کے زیراہتمام یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے سلسلے میں سہ روزہ تقریبات کے آخری روز خودی سکول سسٹم ملتان میں یکجہتی کشمیر واک اور رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو کے عنوان سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی مظفرگڑھ ڈاکٹر طاہرہ رفیق نے کی جبکہ مہمانان گرامی میں چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹڈیز بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر مرید حسین ملک، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، دانیال ایاز، سماجی رہنما رشید عباس خان، جواد حیدر جوئیہ، سید عاصم رضا شاہ تھے، تقریب میں خودی سکول سسٹم کے طلبہ و طالبات نے تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار محبت و یکجہتی کیا،یوم کشمیر کے موقع پر سرائیکستان نوجوان تحریک نے چوک کمہارانوالہ پر کشمیر بنے گا پاکستان ریلی نکالی، محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان(ایم این ایس یو ای ٹی) میں یومِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیےیو ای ٹی ملتان میں ایک پرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا،جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ کشمیر سہ فریقی بین الاقوامی مسئلہ اور پاکستان کی نظریاتی تکمیل کا حصہ ہے، کشمیر پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ پاکستانی قوم قبول نہیں کرے گی،اور جو کشمیر کا سودا کرے گا، قوم اسے نشان عبرت بنائے گی ، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام پریس کلب ملتان کے سامنے یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی،ریلی کے شرکانے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے جب کہ شرکا نے بھارت مخالف اور کشمیر کے حق میں بھرپور نعرہ بازی بھی کی، چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے زیر اہتمام حرم گیٹ چوک پر یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت صدرملتان شہر ظفر اقبال صدیقی،چیئرمین احتشام الحق اور جنرل سیکرٹری عزیز الرحمن انصاری نے کی، صدر مستقبل پاکستان ملتان حاجی محمد یوسف انصاری کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جو چوک دہلی گیٹ سے شروع ہو کر چوک دولت گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں شرکا نے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی جدوجہد آزادی کے ساتھ غیر متزلزل یک جہتی کا اظہار کیا،مسلم لیگ (ن) سٹی خواتین ونگ ملتان کی صدر ثروت خان اور جنرل سیکرٹری فہمیدہ چوہان کی قیادت میں چوک حسین آ گاہی پر یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک بھرپور ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، ریلی میں شریک خواتین نے پاکستانی پرچم اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور “کشمیر بنے گا پاکستان”، “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، شرکا نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی، پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر، جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ، سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عمران نے یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کہا ہے کہ 5 فروری ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا تقاضا صرف سال میں ایک دن تک محدود نہیں ہونا چاہیے، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ، یورپی پارلیمنٹ اور عالمی میڈیا کے پلیٹ فارمز پر کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ دنیا اب خاموش نہیں رہ سکتی، کشمیر کی آزادی اور بقا وسلامتی کے لیے پاکستانی قوم یکجا و متحد ہے، یہ بات پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پنجاب کے سینئر نائب صدر الحاج محمد اشرف قریشی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اجلاس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی،لودھرا ں میں یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیریوں کی آزادی کیلئے ضلع کی سب سے بڑی ریلی ڈی سی آفس سے غوثیہ چوک تک نکالی گئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے ریلی کی قیادت کی، ریلی میں افسران، ملازمین، تاجروں، طلبہ اور وکلا سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،یوم یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ریسکیو 1122 لودھراں کے زیر اہتمام واک کا انعقاد کیا گیا، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر چوہدری غنیمت علی کی قیادت میں واک غوثیہ چوک سے ریسکیو سینٹرل سٹیشن تک کی گئی جس میں ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ سول ڈیفنس، پولیس اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع وہاڑی میں پرچم کشائی تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال کی قیادت میں یومِ یکجہتی کشمیر ریلی ضلع کونسل سے وی چوک تک نکالی گئی،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ڈی ای او ایلیمنٹری فی میل عندلیب اصغر، ڈی ڈی زراعت رانا محمد عار ف سمیت دیگر افراد نے شرکت کی، یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین وہاڑی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مظلوم کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “کشمیریوں سے رشتہ کیا، لا الہ الا اللہ” کے نعرے لگائے گئے،یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے کچہری چوک تک نکالی گئی،ریلی میں انتظامی افسران، ریسکیو،سول سوسائٹی، سرکاری افسران، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید نے کہا ہے کہ کشمیری بھائیوں کی بھارتی ظلم و ستم کے خلاف لازوال قربانیوں اور پاکستان سے سچی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اندرونی اختلافات بھلا کر کشمیر میں کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں نہ صرف ساتھ کھڑے ہوں بلکہ دنیا بھر میں ان کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کریں، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تحصیل شجاع آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی،شجاع آباد میں انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ہدایات پر ایم فائیو سیکٹر ون ملتان میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا ،ریلی میں موٹروے پولیس کے افسران، ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،شاہ جمال میں مرکزی انجمن تاجران چوک گدپور کے زیر اہتمام کشمیر یک جہتی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پیپلز پارٹی یوتھ کے رہنما و امیدوار حلقہ پی پی 271میاں نوید اصغر مکول اور صدر مرکزی انجمن تاجران چوک گد پور میاں جنید عباس مکول نے کی، عبدالحکیم میں بھی کشمیر ڈے جوش خروش سے منایا گیا،جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت تحصیل کبیروالا نصراللہ خان نکیانہ نے کی، ریلی میں جماعت کے کارکنوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی دھنوٹ میں الرحیم ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور تعمیر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوم یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں سماجی کارکنان، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گیلے وال میں شاندار ریلی کاانعقاد کیا گیا ، ا س موقع پر مقررین نے کشمیر کو اپنی شہ رگ اور جسم کا حصہ قرار دیا اور اس کی آزادی تک بڑی سے بڑی قربانی دینے کا اعادہ کیا،سنانواں میں دفاع پاکستان ونگ پیٹریاٹکٹ پاکستان آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی،راجہ رام میں جماعت اسلامی ظریف شہید کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،کہروڑپکا میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب سے چوک بخاری تک ریلی نکالی گئی ، اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد نے کہا ہے کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے، اساتذہ کرام مسئلہ کشمیر کے بارے میں طلبہ کو مسلسل آگاہ کرتے رہیں تاکہ وہ اس کی اہمیت کو سمجھ سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیمنٹری ایجوکیشن مردانہ تحصیل میلسی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ڈھوڈہ میں منعقدہ ایک تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلبہ نے تقاریر کیں،جماعت اسلامی ضلع کوٹ ادو کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی اور بعد ازاں پریس کلب میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوٹ ادو منصور قمر کی قیادت میں شاندار ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز میونسپل کمیٹی آفس سے ہوا جو پریس کلب کوٹ ادو پر اختتام پذیر ہوئی،جماعت اسلامی جہانیاں مرکزی مسلم لیگ اور مختلف سکولز میں یوم یک جہتی کشمیر جوش وخروش سے منایا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ گزشتہ روز یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک پروقار اور روح پرور تقریب "چراغِ آزادیِ کشمیر" کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہمدردی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری بشارت نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس نے شرکاء کے دلوں کو گرما دیا۔ پروگرام کا سب سے جذباتی اور منفرد منظر وہ تھا جب معصوم بچوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور مقبوضہ وادی کے بچوں اور عوام کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں، بلکہ جہانیاں کا بچہ بچہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال ڈاکٹر عمران فاروق نے شرکاء سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی نسلوں کا لہو دے کر آزادی کے چراغ روشن کیے ہیں، جنہیں بھارت کا جبر اور ظلم کبھی بجھا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم کا دل سرینگر کے ساتھ دھڑکتا ہے، امیر جماعت اسلامی جہانیاں حافظ وسیم الغنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ انسانیت اور غیرت کا مسئلہ ہے، ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنتے رہیں گے، تقریب میں شہر بھر سے شہریوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔