پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار و ماہرِ نجوم راجہ حیدر نے پاکستانی معروف اداکاراؤں کے خلاف کالا جادو کرانے کی کوششیں سے متعلق ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف اداکاراؤں خاص طور سے ڈراما ہیروئنز کے خلاف کالا جادو کرانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔
مشک اور جانِ جہاں جیسے مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف اداکار راجہ حیدر یو ٹیوب چینل بھی چلاتے ہیں جہاں ستاروں کے حوالے سے پیش گوئیاں اور مشاورت فراہم کرتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں اداکار نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں کو درپیش کچھ غیر معمولی اور حیران کن مسائل پر روشنی ڈالی۔
خیال رہے کہ پاکستانی ڈرامہ ہیروئنز کا شمار ملک کی سب سے بڑی اسٹارز میں ہوتا ہے، ہانیہ عامر، ماہرہ خان اور صبا قمر جیسی اداکارائیں ڈرامہ انڈسٹری سے ابھر کر قومی و بین الاقوامی سطح پر پہچان بنا چکی ہیں۔
ماضی میں بھی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف شخصیات کی جانب سے اس بات کا ذکر کیا جاتا رہا ہے کہ حریف عناصر کامیابی سے روکنے کے لیے کالے جادو جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔
اب اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ حیدر نے بتایا کہ اگرچہ میرے پاس اپنا مستقبل جاننے اور اس حوالے سے مشاورت کے لیے متعدد افراد آتے ہیں، تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو مجھ سے معروف اداکارؤں خاص طور پر اداکاراؤں پر کالا یا براؤن میجک کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ایسی خواہشات رکھنے والے افراد کا تعلق بھی شوبز سے ہی ہوتا ہے، اب تو لپ اسٹک، موبائل فونز پر بھی کالا اور براؤن میجک ہو جاتا ہے۔
اداکار نے واضح کیا کہ میں نے کبھی اس قسم کی درخواست قبول نہیں کی، لیکن ایسے افراد بضد ہوتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ اگر میں انکار کروں گا تو کسی اور سے یہ کام کروا لیں گے۔
راجہ حیدر کے مطابق یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ شوبز انڈسٹری میں اس نوعیت کے رجحانات موجود ہیں، جو بظاہر کامیاب فنکاروں کے خلاف استعمال کیے جاتے ہیں۔