ملتان(سٹاف رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 11 فروری کو ہونے والی تاریخی کھلاڑیوں کی نیلامی سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے لیے رجسٹرڈ کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ ایونٹ کے لیے مجموعی طور پر 879 مقامی اور غیر ملکی کرکٹرز نے رجسٹریشن کرائی ہے جن میں افغانستان کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔اس فہرست میں افغانستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور سری لنکا جیسے کئی ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں۔ کرکٹرز نے نیلامی کے لیے پہلے سے طے شدہ بنیادی قیمتوں پر اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔ 4.2 کروڑ کی بنیادی قیمت کے زمرے میں ہائی پروفائل ناموں میں افغانستان کے فضل حق فاروقی اور مجیب الرحمان، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور مائیکل بریسویل شامل ہیں۔