کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے بعد انگلینڈ کی مضبوط ٹیم بھی ایسوسی ایٹ ملک کے خلاف شکست سے بال بال بچ گئی۔ ٹورنامنٹ کے پانچویں گروپ میچ میں انگلینڈ نے نیپال کو 4 رنز سے شکست دے دی۔ لیکن انگلینڈ کو دن میں تارے ضرور دکھادیے۔ انگلینڈ کے ول جیکس نے18گیندوں پر39ناٹ آئوٹ رنز بنائے اور17رنز دے کر ایک وکٹ لی انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نیپال کو جیت کیلئے آخری اوور میں نیپال کو 10 رنز درکار تھے تاہم ٹیم آخری اوور میں صرف 5 رنز بناسکی۔ ناتجربہ کاری کی وجہ سے انگلش ٹیم ہارتے ہارتے بچ گئی۔ سیم کرن نے شاندار بولنگ سے انگلینڈ کو بڑی ہزیمت سے بچالیا، انہیں گذشتہ برس انگلینڈ کی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا ، اور جب شامل ہوئے تو جب سب سے زیادہ ضرورت تھی تب انہوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ نیپال کو آخری گیند پر جیت کے لئے چھ رنز کی ضرورت تھی لیکن ایک رن بن سکا۔ لوکیش نے 20 گیندوں پر 39 ناٹ آؤٹ بنائے۔ آخری گیند پر چھکا مارنے کی کوشش کی، مگر صرف ایک رن لے سکے۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 39 ناٹ آؤٹ بنائے اور میچ کے اختتام پر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے۔ اس شاندار کاوش پر انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ان کے حوصلے کو سراہتے ہوئے ہاتھ ملایا۔لوکیش نے 18ویں اوور میں جوفرا آرچر سے دو چھکے لگائے اور 19ویں اوور میں لوک ووڈ کو دو چوکے مارے، جس سے ٹیم کو جیت کی امید پیدا ہوئی۔ مگر انگلینڈ نے آخری اوور میں سیم کرن کے شاندار یارکرز کے ساتھ دباؤ سنبھال لیا اور کامیابی حاصل کی۔ اتوار کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل 55 اور کپتان ہیری بروک 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جوز بٹلر نے 26 رنز اسکور کیے۔ نیپال کی طرف سے دپیندرا سنگھ اور نندن یادیو نے 2، 2، شیر ملا اور سندیپ لامیچانے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بناسکی، نیپال کی جانب سے دپیندرا سنگھ 44 جبکہ روہت اور لوکیش بام 39، 39رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔