• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹ بال پاور ہاؤس اٹلی کا آج کرکٹ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ڈیبیو

نئی دہلی (جنگ نیوز) چار بار فٹبال کا عالمی چیمپئن رہنے والا اٹلی، کرکٹ ورلڈکپ میں ڈیبیو کررہا ہے۔ اس غیر متوقع کامیابی کو اطالوی میڈیا نے “Miracolo Italiano” یعنی اطالوی معجزہ قرار دیا ہے۔ پیر کو کولکتہ میں ٹی20 ورلڈ کپ میں اس کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔ اسےانگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیپال کا سامنا ہے۔ کپتان وین میڈسن کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت محض نمائشی نہیں بلکہ اطالوی کرکٹ کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ اٹلی میں کرکٹ کی جڑیں فٹبال سے جڑی ہوئی ہیں۔ جینوا کرکٹ اینڈ فٹبال کلب ملک کا قدیم ترین فٹبال کلب ہے، جبکہ اے سی میلان کا ابتدائی نام ہی میلان فٹبال اینڈ کرکٹ کلب تھا۔ نیپلز اور جینوا میں بھی کرکٹ کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے۔ اطالوی کرکٹ حکام کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت سے کھیل کی مقبولیت بڑھے گی اور اٹلی کرکٹ میں بھی اپنا مقام بنائے گا۔موجودہ اطالوی ٹیم بھی اسی تنوع کی عکاس ہے۔ کپتان وین میڈسن جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے، انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور اب ورلڈ کپ میں قیادت کر رہے ہیں۔ اسکواڈ میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ایشیائی نژاد اطالوی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔اطالوی کرکٹ فیڈریشن کے ڈیولپمنٹ افسر ریکارڈو ماجیو کا کہنا ہے کہ اٹلی صرف شرکت کیلئے نہیں آ رہا بلکہ خود کو منوانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق جذبہ، نظم و ضبط اور اطالوی انداز ہی اس ٹیم کی اصل طاقت ہیں۔