• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈکپ، سری لنکن اسپین جال میں آئرش ٹیم پھنس گئی، افغانستان کو کیویز کے ہاتھوں شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میزبان سری لنکا نے آئر لینڈ کو اپنے اسپنرز کے جال میں پھنسا کر 20 رنز سے شکست دے دی۔ جبکہ نیوزی لینڈ نے افغانستان کے ارمان ٹھنڈے کردیے۔ اتوار کو پریماداسا اسٹیڈیم میں22 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں سری لنکا کے اسپنرز نے آئرش بیٹرز کو بے بس کردیا آئر لینڈ کی ٹیم 143رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ تھکشانا نے23 رنز دے کر تین اور ہسرنگا نے 25رنز دے کر تین تین وکٹ لئے۔ پاتھی رانا نے دو وکٹ حاصل کئے۔ آئر لینڈ کی اننگز میں کپتان پال اسٹرلنگ چھ رنز بناکر تھکشانا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ راس آڈائر نے23 گیندوں پر34 رنز بنائے انہیں ہسرنگا نے بولڈ کیا۔ ٹکر18گیندوں پر21 رنز بناکر کیچ آوٹ ہوئے۔ ہیری ٹیکر34 گیندوں پر40رنز بناکر ہسرنگا کا شکار بنے۔ قبل ازیں سری لنکا نے چھ وکٹ پر163رنز بنائے۔ کوشال مینڈس نے43 گیندوں پر56 ناٹ آوٹ رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ کمندو مینڈس نے19 گیندوں پر44 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ نسانکا نے24 ، کامل مشارا نے14 ، ولا لاگے نے دس رنز اسکور کئے۔ آئر لینڈ کے بیری اور جارج نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ ادھر چنئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو پانچ وکٹ سےشکست دے دی۔ گروپ ڈی کا یہ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیتا ، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ کیویز نے 183 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا فاتح ٹیم کے ۔ ٹم سیفرٹ نے 65 رنز42گیندوں پر بنائے اور دو کیچ لئے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گلبدین نائب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ صادق اللہ اتل 29، رحمان اللہ گرباز 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ درویش رسولی 20، ابراہیم زادران 10 اور عظمت اللہ عمر زئی 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد نبی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے لوکی فرگوسن نے 2، میٹ ہینری، جیکب ڈفی اور رچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے 42 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مارک چیپمین 28، فن ایلن 1 رن اور رچن رویندرا صفر پر آوٹ ہوئے، ڈیرل مچل نے 25 اور کپتان مچل سینٹنر نے 17 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ میچ کو اختتام تک پہنچایا۔