کراچی(ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) صوبائی حکومت کی رٹ صرف بھاری ای چالان اور جرمانوں کی وصولی تک محدود ہے، کراچی میں ہیوی ٹریفک سے اموات نہ رک سکیں ۔ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔کراچی کے علاقے اورنگی میں گلشن بہار پاکستان بازار کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل شخص جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق ٹکر مارنے والا ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی اس کی لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ناگن چورنگی کے قریب بس اور موٹرسائیکل کے درمیان ٹکر ہوئی ہے۔ریسکیو کے مطابق حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں ندی کے قریب چنگچی رکشہ الٹنے سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ادھر سائٹ ایریا خیبرگیٹ کے قریب بس الٹ گئی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔