حیدرآباد (بیورو رپورٹ) جمعیت علمائے پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے جمعیت علمائے جموں و کشمیر و ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کے صدر امتیاز احمد صدیقی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفدنے جے یو پی کے مرکزی نائب صدر پروفیسر احمد رضا اعظمی‘ جہانگیر صدیقی اور محمد شریف جھانگیری نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سلامتی کی صورتحال‘ فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘ مسئلہ کشمیر اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے اسلام آباد ترلائی کی امام بارگاہ مسجدمیں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ محض ایک عبادت گاہ پر نہیں بلکہ پاکستان کے امن‘ مذہبی رواداری اور قومی وحدت پر حملہ ہے،اس وقت تمام دینی و ملی قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن اور استعماری طاقتیں منظم سازش کے تحت پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں تاہم ملی یکجہتی کونسل ایسی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام اخوت‘ رواداری اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے اور کسی بھی مسلک یا مکتب فکر کے خلاف تشدد کی نہ اسلام میں گنجائش ہے اور نہ ہی پاکستان کے قومی مفاد میں۔