• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ خانز کیساتھ کام کا تجربہ کیسا رہا؟ رانی مکھرجی نے بتا دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کے تینوں معروف خانز سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربات سے پردہ اٹھایا ہے۔

47 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ تینوں اداکار اپنے کام کے انداز میں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔

رانی مکھرجی نے شاہ رخ خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر کردار میں بے پناہ توانائی لے کر آتے ہیں اور اپنی خواتین ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ احترام اور خیال کا برتاؤ کرتے ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے عامر خان کے کام کے انداز پر بات کرتے ہوئے ان کی بطور اداکار لگن کو سراہا۔

رانی کے مطابق عامر خان ہر شاٹ کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں صرف کرتے ہیں اور ہمیشہ بہترین دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

اداکارہ نے سلمان خان سے متعلق کہا کہ ان کا انداز دونوں سے مختلف ہے، سلمان اپنے مخصوص انداز اور اعتماد کے ساتھ سیٹ پر آتے ہیں، وہ بظاہر بہت بے فکری اور کیژول انداز اپناتے ہیں لیکن درحقیقت اپنے فن پر بہت محنت کرتے ہیں۔

رانی مکھرجی نے کہا کہ شاید آپ کو اندازہ نہیں ہوتا کیونکہ وہ کسی کو اس زون میں داخل نہیں ہونے دیتے کہ لوگ جان سکیں کہ وہ کتنی محنت کرتے ہیں۔

آخر میں اداکارہ نے کہا کہ تینوں خان اپنے اپنے مقام پر لیجنڈ ہیں، تاہم اپنے کام کے طریقۂ کار میں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔

واضح رہے کہ رانی مکھرجی اور شاہ رخ خان نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے، وہ عامر خان اور سلمان خان کے ساتھ بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید