کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ پسنی میں غیرقانونی فشنگ جاری جس سے مقامی ماہی گیروں کو سخت نقصان ہورہا ہے اور یہ سب محکمہ فشریز کے عملے کی ملی بھگت سے ہورہا ہے، ماہی گیروں کے حقوق کا دفاع کروں گا ، یہ بات انہوں نے گوادر ، پسنی میں ماہی گیروں کے وفود سے ملاقات اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے ساحلی علاقوں میں جاری غیر قانونی فشنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس غیر قانونی سرگرمی میں مقامی ماہیگیر ملوث نہیں بلکہ غیرمقامی ماہی گیروں کی سرپرستی کرکے مسلط کیا جارہا ہے ۔ غیر مقامی ماہی گیر کشتیوں کے ذریعے ممنوعہ طریقہ سے شکار کررہے ہیں ، جس سے سمندری وسائل تیزی سے ختم اور مقامی ماہیگیروں کا روزگار بری طرح متاثر ہورہا ہے ۔ اور یہ تمام سرگرمیاں محکمہ فشریز کے عملے کی مبینہ ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں کیونکہ بارہا شکایات اور نشاندہی کے باوجود موثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غیرقانونی فشنگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ، غیر مقامی و غیرقانونی آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی اور محکمہ فشریز کی کارکردگی کی شفاف انکوائری کرائی جائے ۔