کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسکاؤٹ لیڈرز کی عون عباس و دیگر شہدا کی قبروں پر حاضری، اسکائوٹ عون عباس مسجد خدیجۃ الکبری میں نمازیوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسو سی ایشن کی جانب سے صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز کی ہدایت پر اسکاؤٹ لیڈر خرم عسکری زیدی اور طارق علی نے نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے اسکاؤٹ لیڈرز کےہمراہ سانحہ ترلائی کلاں امام بارگاہ و مسجد خدیجہ الکبری اسلا م آباد میں جان کا نذرانہ دے کرنمازیوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے اسکاؤٹ عون عباس سمیت دیگر شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے بعد ازاں شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔اس موقع پر اسکاؤٹ لیڈرز نے نیشنل ہیڈ کوارٹرز سے شہید عون عباس کو بہادری کا اعلی گیلنٹری ایوارڈ سلور میڈل ریڈ ربن دینے کی سفارش کی۔ ان اسکاؤٹ لیڈرز نے مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبری میں دوران نماز شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو کراچی کے بو تراب اسکاؤٹ گروپ ، پاک حیدری ، ابو الحسن ، پاک قاسمی ، میٹروپولیٹن ، ینگ بوائز ، برکاتی اسکاؤٹس، پاک نائیس،العربیہ اسکاؤٹ گروپس سمیت سندھ کی ضلعی ایسوسی ایشن سے وابستہ اسکاؤٹس کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایااور اسکاؤٹ شہید عون عباس کےدلیرانہ کارنامے کو انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا ۔