اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے، خصوصی رپورٹر ) سینٹ نے پیکا ایکٹ میں ترمیم ، کریمنل قوانین میں ترمیم ،فیملی کورٹ ترمیم اور کتابوں پر پلاسٹک کور کی ممانعت کے بل منظور کر لئے،پیکا ایکٹ ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ان غیر ممالک کے ساتھ mutual legal assistance treaty کرے جن کی سوشل میڈیا اپلیکیشن پاکستان میں استعمال ہوتی ہیں ، بچوں کی فحش فلموں پر سزا 7 سال سے بڑھا کر 10 سال کی جائے، جرمانہ 50 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کیا جائے گاجبکہ کریمنل قوانین میں ترمیم کے بل میں کہا گیا ہے کہ ریپ متاثرہ کو میڈیکل سرٹیفکیٹ نہ دینے پر ایک سال تک سزا اور جرمانہ ہو گا ،منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر ثمینہ زہری نے کریمنل قوانین میں ترمیم کا بل پیش کیا ، بل میں کہا گیا کہ اگر کوئی نجی یا سرکاری ہسپتال ریپ کی متاثرہ کو فوری فرسٹ ایڈ فراہم نہیں کرتا تو اسے سزا دی جائے۔