کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے روبرو سانحہ گل پلازہ کیس کی سماعت کے دوران چیف فائر آفیسر نے کہا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین پر عمل کروانا فائر بریگیڈ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، سندھ ہائی کورٹ کے روبرو کیس کی سماعت ، عدالت نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق درخواستیں نمٹادیں ۔ چیف فائر آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ فائر بریگیڈ حکام نے 2021 میں گل پلازہ میں فائر سیفٹی سروے کیا تھا۔ سروے کے دوران ایس او پیز کے تحت فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ فائر سیفٹی انتظامات میں خامیوں سے متعلق گل پلازہ انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا۔ پلازہ میں آتشزدگی کے دوران فائربریگیڈ نے جانفشانی سے آپریشن میں حصہ لیا اور اس دوران ہی ایک اہلکار شہید ہوا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹیاں بنائی ہیں۔ کمیٹیاں شاپنگ مالز، کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کررہی ہیں۔