لاہور(جنرل رپورٹر)متحدہ عرب امارات کے سفیر ہز ایکسیلنسی (H.E.) سالم محمد سالم البواب الزعابی نے شیخ زاید ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر معزز سفیر کا پرتپاک استقبال پروفیسر عائشہ ہمایوں، چیئرپرسن و ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس اور پروفیسر مونا عزیز گیلانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زاید ہسپتال نے کیا جبکہ اس موقع پر دیگر انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔عزز سفیر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات بشمول جگر ٹرانسپلانٹ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سفیر نے مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے علاج و معالجے کے انتظامات اور عملے کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا دورے کے موقع پر ہز ایکسیلنسی سالم محمد سالم البواب الزعابی نے ہسپتال کے عملے کے بچوں کے لیے قائم کیے گئے سٹیٹ آف دی آرٹ نئے ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر پروفیسر عائشہ ہمایوں چیئرپرسن و ڈین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زاید ہسپتال ایک فلاحی اور تدریسی ادارہ ہے جو جدید طبی تحقیق، اعلیٰ معیار کی تعلیم اور عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے۔