لاہور (خبر نگار) انقلابِ اسلامی ایران کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ کی جانب سے ملک بھر میں ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، کراچی، کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت چھوٹے اور بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں مرکزی ریلی مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک نکالی گئی، جس کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ ریلی میں ہزاروں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی اور رہبرِ مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای، انقلابِ اسلامی اور برادر ہمسایہ اسلامی ملک ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف اظہارِ بیزاری کیا۔