احمد آباد (اے ایف پی، جنگ نیوز) بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لئے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ کالج ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں تمام242 مسافروں میں سے 241 ہلاک ہوگئے جبکہ صرف ایک مسافر زندہ بچ گیا،زندہ بچ جانے والا واحد مسافر ایمرجنسی گیٹ کیساتھ بیٹھا ہوا تھا ، پولیس کے ڈپٹی کمشنر کنان دیسائی کے مطابق مجموعی طور پر حادثے میں 265افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، کئی زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا،طیارہ اس وقت ڈاکٹرز کے رہائشی کمپلیکس میں جاگھسا جب لوگ دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے ۔ حکام کے مطابق ہاسٹل میں موجود میڈیکل کے تمام طلبہ کو بھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ،بھارتی میڈیا نے میڈیکل کے 5طلبہ کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی ہے ، طیارے میں 242 افراد سوار میں دو نوازائیدہ سمیت 11 بچے بھی تھے، ایئر انڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل ہیں، مسافروں میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی شامل ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا۔ طیارے کے ڈاکٹرز ہاسٹل پر گرتے ہی آگ کے شعلے بھڑک اٹھے ، ہاسٹل میں درجنوں افراد موجود تھے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔اے ایف پی کے ایک صحافی نے دیکھا کہ لوگ لاشیں نکال رہے تھے اور فائر فائٹرز دوپہر کے کھانے کے وقت بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر کے عمارتوں سے ٹکرانے کے بعد سلگتے ہوئے ملبے کو بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔کرشنا نامی ایک ڈاکٹر نے بتایا جہاز کا ایک حصہ رہائشی عمارت سے ٹکرایا جہاں ڈاکٹر اپنے خاندانوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے بتایاجہاز کا اگلا حصہ اور اگلا پہیہ کینٹین کی عمارت پر گرا جہاں طلباء دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نےتقریباً 15 سے 20 جلی ہوئی لاشیں دیکھیں، جبکہ انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے تقریباً 15 طلباء کو بچایا۔بھارت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ جہاز میں دو پائلٹوں اور 10 کیبن کریو سمیت 242 افراد سوار تھے۔انڈین حکام نے اعلان کیا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے کی جگہ پر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ انڈیا کی سول ایوی ایشن کی وزات نے بھی اس آپریشن کے مکمل ہونے کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کے مطابق طیارے کی کمانڈ کیپٹن سمیت سبھروال کے پاس تھی، طیارہ کیپٹن سمیت سبھروال اور فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈر کے ساتھ پرواز کر رہا تھا، کیپٹن سمیت سبھروال لیفٹ سیٹ ٹریننگ کیپٹن (ایل ٹی سی) ہیں، اور ان کے پاس 8 ہزار 200 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہے۔کوپائلٹ کے پاس ایک ہزار 100 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ تھا۔