• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، کمسن بچوں اور خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق، 6 زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی اور حیدر آباد کے درمیان موٹر وے ، ایم نائن پر خوف ناک ٹریفک حادثے میں کم سن بچوں اور خواتین سمیت 12افرادجاں بحق اور 6زخمی ہوگئے، حادثے کے نتیجے میں 4گاڑیاں آئل ٹینکر، مسافر بس، وین اور پتھروں سے لدا ہوا ایک ٹرالر آپس میں ٹکرا گئے، حادثہ اتنا شدید تھا کہ 9افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور متعدد افراد اپنی گاڑیوں سے اچھل کر نیچے کچے میں جا گرے، کئی مرحومین کے اعضاء ان کے جسموں سے کٹ کر الگ ہوگئے اور چاروں طرف بکھر گئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا جب موٹر وے، ایم نائن، سائوتھ بانڈ، حیدر آباد سے کراچی آتے ہوئے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب انصاری پل پر ایک آئل ٹینکر کا ٹائر برسٹ ہوگیا، جسکے نتیجے میں مذکورہ آئل ٹینکر سڑک پر الٹ گیا اور اس میں سے تیل بہہ کر سڑک پر پھیلنے لگا اور سڑک پر پھسلن کے باعث ایک مسافر بس، وین اور ٹرالر مذکورہ آئل ٹینکر سے پے در پے ٹکرا گئے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس ، علاقہ پولیس اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے مشترکہ کارروائی کرکے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع پر ہائی وے ریسکیو ٹیم ، ریسکیو وہیکل اور ایمبولینسز کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، جب کہ ایڈیشنل آئی جی موٹر وے پولیس سائوتھ ریجن منیر احمد شیخ نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ ایڈیشنل آئی جی نے جنگ سے گفتگو میں 13ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے حادثے کی مکمل تحقیقات اور ذمے داروں کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔ایدھی اور چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے میں 4 بچیاں ، 2 بچے ، 3 خواتین اور 3 مرد جاں بحق ہوئے، جن میں آئل ٹینکر کے ڈرائیور کی شناخت 35 سالہ رفیع اللہ کے نام سے کی گئی، جب کہ 2 لڑکیوں کی شناخت 12 سالہ منیبہ دختر امیر جان اور 13 صبا دختر غلام جان کے نام سے کی گئی۔ زخمیوں میں 3 سالہ عمران ولد عامر جان ، 2 ماہ کے بچہ ابرار ولد عامر جان ، 14 سالہ رضوان ولد غلام جان ، 12 سالہ عافیہ دختر غلام جان ، 25 سالہ امان ولد غلام جان اور 5 سالہ رحیمہ دختر غلام جان شامل ہیں، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، ان میں 2 سگے بھائی اور 4 بہن بھائی الگ شامل ہیں۔جائے وقوع پر موجود ایس ایس پی ضلع ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ حادثے میں آئل ٹینکر اور وین ڈرائیور جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجارنے اس جان لیواٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اہم خبریں سے مزید